اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سعودی عرب کے صوبے الشرقیہ کے علاقے الاحساء میں گزشتہ شب نامعلوم افراد نے ایک مجلس عزا پر حملہ کر کے سات افراد کو شہید کر دیا ہے۔
الاحساء شہر کے علاقے الدالوہ میں واقع حسینیہ المصطفیٰ پر دھشتگردوں نے اس وقت حملہ کیا جب عزاداران حسینی مجلس عزا سے فارغ ہونے کے بعد حسینیہ سے باہر نکل رہے تھے۔
سعودی عرب کے شیعوں سے وابستہ نیوز ایجنسیوں نے خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ عزاداران حسینی پر حملہ کرنے والوں نے پہلے چند ہوائی فائر کئے اس کے بعد عزاداروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سات افراد شہید اور نو زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ رات کے ساڑھے گیارہ بجے کیا گیا تاہم کسی دھشتگرد گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور نہ ہی پولیس کی چھان بین سے کوئی نتیجہ سامنے آیا ہے۔










